دیکھ بھال
پیاز سخت جان ٹھنڈے موسم کا دو سالہ پودا ہے لیکن عام طور پر سالانہ فصل کے طور پر اُگایا جاتا ہے۔ وہ مختلف شکلوں، جسامت اور رنگوں میں ملتے ہیں۔ کاشتکار عام طور پر بیجوں سے پیاز اُگاتے ہیں اور پنیری کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرتے ہیں۔ پیاز کے سیٹ بنیادی طور پر بیج کی پیداوار کے لئے استعمال کئے جاتے ہیں۔ کاشت کردہ قسم اور موسمی حالات کو مدِنظر رکھتے ہوئے، کاشتکار ہر سال پیاز کو 3 مرتبہ کاشت کر سکتے ہیں۔
مٹی
پیاز کی کامیاب کاشت کے لئے اچھی نکاسی، نمی کو برقرار رکھنے کی گنجائش اور کافی نامیاتی مادہ کے ساتھ گہری، بُھربھری چکنی مٹی اور گدلی مٹی بہترین مٹی ہے۔ مٹی کی قسم سے قطع نظر، زیادہ سے زیادہ پی ایچ رینج 6.0 - 7.5 ہے، لیکن پیاز کی فصل ہلکی شورزدہ مٹی میں بھی کاشت کی جا سکتی ہے۔ انہیں وافر دھوپ اور نکاسی آب کی ضرورت ہوتی ہے۔ پیاز کے پودے اونچی منڈھیروں یا مٹی کی قطاروں میں اچھی طرح اگتے ہیں جو کم سے کم 10 سینٹی میٹر اونچی ہوتی ہیں۔
آب و ہوا
پیاز ایک معتدل فصل ہے لیکن اسے موسمی حالات کی ایک وسیع تر رینج میں اُگایا جا سکتا ہے جیسے معتدل آب و ہوا، مرطوب اور نیم مرطوب آب و ہوا۔ سردی اور گرمی کی شدت اور ضرورت سے زیادہ بارش کے بغیر معتدل موسم میں بہترین کارکردگی حاصل کی جاسکتی ہے، تاہم، پیاز کی فصل منجمد درجہ حرارت کا مقابلہ کرسکتی ہے۔ اسے اچھی نمو کے لئے تقریبا 70٪ نمی کی ضرورت ہوتی ہے۔ یہ ان جگہوں پر اچھی طرح نشوونما پا سکتی ہے جہاں مون سون کے دورانیے میں اوسطا سالانہ بارش 650-750 ملی میٹر ہوتی ہے۔ پیاز کی فصلوں کو پودوں کی نشوونما کے لئے کم درجہ حرارت اور دن کی کم روشنی (روشنی کے دورانیے) کی ضرورت ہوتی ہے جبکہ بصلہ کی نشوونما اور پختگی کے مرحلے کے دوران اس کو زیادہ درجہ حرارت اور طویل دورانیے کے لیے دن کی روشنی کی ضرورت ہوتی ہے۔